پاکستانی صارفین کے لیے گوگل کروم میں نیا اے آئی فیچر

06:38 PM, 11 Jun, 2026

کیلیفورنیا: گوگل نے پاکستان میں اپنے جدید اے آئی چیٹ بوٹ جیمنائی کو کروم ویب براؤزر میں براہِ راست شامل کر دیا ہے، جس کے بعد صارفین کو براؤزر کے اندر ہی مصنوعی ذہانت کی سہولت میسر ہوگی۔

“جیمنائی ان کروم” نامی یہ فیچر سب سے پہلے ستمبر 2025 میں امریکا میں متعارف کرایا گیا تھا، بعد ازاں مارچ 2026 میں اسے کینیڈا، نیوزی لینڈ اور بھارت سمیت دیگر ممالک تک توسیع دی گئی۔

اب اس سہولت کو مزید خطوں میں بھی متعارف کرا دیا گیا ہے، جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔ اس توسیع کے تحت یہ فیچر لاطینی امریکا، افریقا، ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے صارفین کو بھی دستیاب ہوگا، جہاں ڈیسک ٹاپ اور آئی او ایس پر کروم استعمال کرنے والے افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

کروم براؤزر کے اوپری دائیں حصے میں جیمنائی کا آئیکون شامل کیا گیا ہے، جس پر کلک کرکے صارفین براہِ راست اے آئی چیٹ بوٹ استعمال کر سکتے ہیں۔

یہ نیا فیچر ویب صفحات کو سمجھنے، مختلف ٹیبز کے مواد کا تجزیہ اور موازنہ کرنے، اور حالیہ وزٹ کی گئی ویب سائٹس سے متعلق معلومات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس کے ذریعے صارفین کو اب براؤزنگ ہسٹری میں تلاش کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی، بلکہ وہ جیمنائی کو ہدایت دے سکیں گے کہ حال ہی میں کھولی گئی ویب سائٹ دوبارہ سامنے لائی جائے۔

مزید یہ کہ یہ سسٹم گوگل کی مختلف سروسز جیسے جی میل، گوگل میپس، کیلنڈر اور یوٹیوب کے ساتھ بھی منسلک ہوگا، جس سے صارفین براؤزر چھوڑے بغیر متعدد کام انجام دے سکیں گے۔
 
 

مزیدخبریں