اسلام آباد: مصر ے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے علاقائی تنازعات کے حل اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا ہے۔
یہ بات نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور اپنے مصری ہم منصب بدر عبدالعاطی کے درمیان ہونے والے ٹیلیفونک رابطے کے دوران سامنے آئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے اس امر پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن کے قیام اور مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری اور مسلسل مذاکرات ناگزیر ہیں، لہٰذا رابطوں اور مشاورت کا عمل جاری رہنا چاہیے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ جاری سیاسی و سفارتی کاوشیں متعلقہ فریقین کے درمیان جلد اتفاقِ رائے پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوں گی، جس سے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کو فروغ ملے گا۔
اس موقع پر مصری وزیر خارجہ نے سینیٹر اسحاق ڈار کو رواں ماہ مصر میں منعقد ہونے والے ریجنل فور (آر-4) وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی، جسے نائب وزیراعظم نے خوش دلی سے قبول کر لیا۔
مکالمے کے اختتام پر دونوں ممالک نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے، قریبی رابطے برقرار رکھنے اور علاقائی امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔