گلگت: گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے وفود کے درمیان گلگت میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں آئندہ سیاسی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ممکنہ حکومتی فارمولوں، سیاسی تعاون اور مختلف آپشنز پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے حکومت سازی کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں وفود نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ حکومت سازی سے متعلق حتمی تجاویز اپنی مرکزی قیادت کے سامنے پیش کی جائیں گی، جس کے بعد آئندہ سیاسی حکمت عملی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
سیاسی حلقوں کے مطابق گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے حوالے سے سیاسی رابطوں میں تیزی آئی ہے اور آئندہ دنوں میں اہم پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔