اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ بھارت غیر ذمہ دارانہ بیانات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم کشمیر سے متعلق بھارتی مؤقف کی کوئی قانونی یا بین الاقوامی حیثیت نہیں۔
میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے اور وہاں بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صومالی قزاقوں کی جانب سے ایک کارگو شپ پر پاکستانی شہریوں کو یرغمال بنایا گیا ہے، جس پر پاکستان نے اسلام آباد میں صومالی سفیر کو طلب کر کے شہریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کے مطابق صومالیہ کے وزیر خارجہ نے پاکستانی شہریوں کی جلد بازیابی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان ایران اور امریکہ کے درمیان مسائل کے پرامن حل کا خواہاں ہے اور خطے میں کشیدگی کے بجائے سفارتی حل کو ترجیح دیتا ہے۔