وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس، اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور

11:40 AM, 11 Jun, 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں مختلف سرکاری اداروں کے درمیان تعاون اور معلومات کے تبادلے کو بہتر بنانے پر بات ہوئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ تمام ادارے ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے انفارمیشن شیئرنگ کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ اداروں کو ایک ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بیرون ملک موجود سفارت خانوں کے افسران بھی وزارت کے دوسرے اداروں کی مدد کر سکتے ہیں، اس لیے تمام اداروں کی افرادی قوت کو پوری طرح استعمال کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تربیتی کورسز میں صرف بہترین اور میرٹ کے حامل افسران کو شامل کیا جائے تاکہ ان کی قابلیت میں بہتری آئے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہر ادارہ اپنی تجاویز جلد پیش کرے تاکہ سیکرٹری داخلہ ایک مکمل منصوبہ بنا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر تعاون نہ صرف عوام کے لیے فائدہ مند ہوگا بلکہ حکومت کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔ اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری، سیکرٹری داخلہ اور مختلف اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔

مزیدخبریں