آیت اللہ خامنہ ای کے خون کا حساب ضرور لیا جائے گا: مجتبیٰ خامنہ ای

09:29 PM, 11 Jul, 2026

تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے فرزند مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے والد کے قتل کا بدلہ لینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحے میں ملوث عناصر کو انجام تک پہنچایا جائے گا اور انہیں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے تحریری بیان میں کہا کہ شہید رہنما کے خون کا حساب لینا قوم کی اجتماعی خواہش ہے اور اس مقصد کے حصول تک کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای سمیت دیگر شہداء کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ان کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی سے نرمی نہیں برتی جائے گی۔

اپنے والد کی تدفین اور سوئم کی رسومات کے اختتام پر جاری کیے گئے پیغام میں انہوں نے ایران اور عراق کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں افراد کی جنازے اور تعزیتی تقریبات میں شرکت نے شہید رہنما سے عوام کی گہری وابستگی کو ثابت کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ تہران، قم، مشہد، نجف، کربلا اور دونوں ممالک کے دیگر بڑے شہروں اور دور دراز علاقوں میں عوام کی غیرمعمولی شرکت نے قومی یکجہتی، استقامت اور انقلابِ اسلامی کے ساتھ وفاداری کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ وہ اپنے والد کے مشن، نظریات اور جدوجہد کو پوری قوت اور عزم کے ساتھ آگے بڑھائیں گے اور ایران تمام تر مشکلات کے باوجود اپنے قومی مقاصد سے دستبردار نہیں ہوگا۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ اس واقعے میں ملوث افراد کی شناخت ہو چکی ہے اور وہ یہ امید نہ رکھیں کہ انصاف سے بچ نکلیں گے۔ ان کے بقول، شہداء کے خون کا حساب لینے کا عمل ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

مزیدخبریں