امریکا کا بڑا فیصلہ، متحدہ عرب امارات کو خصوصی ایکسپورٹ کیٹیگری مل گئی

08:15 PM, 11 Jul, 2026

واشنگٹن: امریکا نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو ان ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا ہے جنہیں امریکی برآمدات کے حوالے سے خصوصی سہولتیں حاصل ہیں، جس کے بعد امارات کے لیے جدید امریکی ٹیکنالوجی اور بعض حساس آلات تک رسائی مزید آسان ہو جائے گی۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اس نئی درجہ بندی کے تحت متحدہ عرب امارات اے فائیو (A:5) ایکسپورٹ کیٹیگری میں شامل ہونے والا پہلا خلیجی ملک اور ترکیے کے بعد دوسرا اسلامی ملک بن گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس فیصلے سے اماراتی حکومت اور منظور شدہ نجی ادارے مخصوص شرائط پوری کرتے ہوئے متعدد امریکی مصنوعات انفرادی برآمدی لائسنس کے بغیر حاصل کر سکیں گے۔

ان اشیا میں بعض دفاعی آلات، تجارتی سیٹلائٹس، خلائی ٹیکنالوجی اور دیگر جدید سامان شامل ہے، جنہیں تیل و گیس، سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے کے منصوبوں اور سول نیوکلیئر توانائی سمیت مختلف شعبوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔

امریکی محکمہ تجارت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے متحدہ عرب امارات کی تجارتی، بنیادی ڈھانچے اور دفاعی صلاحیتوں کو مزید تقویت ملے گی، جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعاون اور امریکی مفادات کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔
 

مزیدخبریں