پاکستان کی میزبانی میں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین، اہم عالمی اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہوگا

07:46 PM, 11 Jul, 2026

اسلام آباد: پاکستان کی میزبانی میں نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین آج اسلام آباد میں شروع ہو رہی ہے۔ دو روزہ کانفرنس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے شرکت کریں گے۔

کانفرنس کے لیے مختلف رکن ممالک کے وفود اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، جہاں ان کا استقبال پاکستانی حکام نے کیا۔ حکومت کی جانب سے شرکاء کے قیام، سکیورٹی اور دیگر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

دو روزہ اجلاس میں خواتین کے سماجی، معاشی اور سیاسی استحکام، ان کے حقوق کے تحفظ، تعلیم، صحت اور بااختیار بنانے سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ رکن ممالک خواتین کی ترقی کے لیے اختیار کی گئی پالیسیوں اور کامیاب تجربات کا تبادلہ بھی کریں گے، جبکہ باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر بھی مشاورت ہوگی۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کانفرنس کی صدارت کریں گے۔ پاکستان، او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی میزبانی اور صدارت کے ذریعے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور خواتین کی ترقی و بااختیار بنانے کے مشترکہ ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کرے گا۔

مزیدخبریں