وزیراعظم شہباز شریف کا آبادی میں اضافے پر زور، متوازن مستقبل کے لیے مؤثر اقدامات کی اپیل

06:07 PM, 11 Jul, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یومِ آبادی کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی کو ایک اہم قومی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے بہتر اور خوشحال مستقبل کے لیے ذمہ دارانہ آبادی پالیسی اختیار کرنا ضروری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں آبادی بڑھنے کی سالانہ شرح 2.55 فیصد ہے، جس کے پیشِ نظر تمام متعلقہ فریقوں کو اس مسئلے کی سنگینی کو سمجھنا ہوگا اور اس کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ آبادی میں مسلسل اضافے کے باعث معیشت، صحت، تعلیم، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات کے شعبے دباؤ کا شکار ہو رہے ہیں، اس لیے مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع حکمتِ عملی اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔

آبادی کے بڑھتے ہوئے چیلنج سے نمٹنے کے لیے حکومت کی جانب سے حال ہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے، جس میں آرمی چیف سمیت مختلف اہم شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں، پارلیمنٹیرینز، ترقیاتی شراکت داروں، سماجی تنظیموں، تعلیمی حلقوں، نجی شعبے، مذہبی رہنماؤں، میڈیا اور مقامی کمیونٹیز پر زور دیا کہ وہ آبادی سے متعلق بہتر آگاہی، سوچ سمجھ کر فیصلوں، ذمہ دارانہ خاندانی نظام، خواتین کے مساوی حقوق اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ آبادی کے مسئلے سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کی شمولیت ضروری ہے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے بہتر مواقع، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور ترقی کی راہ ہموار کی جا سکے۔
 
 

مزیدخبریں