اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ کا رابطہ، علاقائی کشیدگی پر تبادلہ خیال

05:49 PM, 11 Jul, 2026

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ٹیلی فون پر بات چیت کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ سمیت خطے میں ہونے والی حالیہ تبدیلیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان گزشتہ ماہ ہونے والے اسلام آباد مفاہمتی معاہدے کے باوجود پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی بھی ملک یا فریق کے حق میں نہیں، جبکہ یہ صورتحال خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان کے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ تمام فریقین کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور جاری ثالثی کی کوششوں کو کامیابی کے لیے مناسب وقت اور سازگار ماحول فراہم کیا جانا چاہیے۔

سعودی وزیر خارجہ نے بھی موجودہ سفارتی رابطوں اور امن کے لیے کی جانے والی کوششوں پر مملکت کا مؤقف پیش کیا۔ انہوں نے کشیدگی میں کمی، مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے اور مسائل کے حل کے لیے سفارتی ذرائع اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی معاملات پر مسلسل رابطے میں رہنے اور باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
 
 

مزیدخبریں