کراچی کے رہائشیوں کو ایوارڈ ملنا چاہیے: عائشہ عمر

05:44 PM, 11 Jul, 2026

کراچی: پاکستانی اداکارہ اور ٹی وی میزبان عائشہ عمر نے کراچی کو دنیا کے کم رہائش کے قابل شہروں میں شمار کیے جانے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس شہر میں رہنے والے لوگ غیر معمولی حالات کا سامنا کر کے بھی زندگی کو آگے بڑھا رہے ہیں، جو خود ایک قابلِ تحسین عمل ہے۔

عائشہ عمر نے کہا کہ کراچی کے باسی روزمرہ زندگی میں جن مسائل سے گزرتے ہیں، وہ کسی امتحان سے کم نہیں۔ ان کا یہ ردِعمل دی اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ (EIU) کی جانب سے جاری کردہ گلوبل لائیویبلٹی انڈیکس 2026 کے بعد سامنے آیا، جس میں کراچی کو دنیا کے رہنے کے لیے چوتھا مشکل ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔

اداکارہ نے اس رپورٹ پر اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کی یہ درجہ بندی ان کے لیے حیران کن نہیں ہے۔

انہوں نے شہر کے رہائشیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کراچی کے لوگ خراب سڑکوں، بڑھتی ہوئی آلودگی، شدید ٹریفک مسائل، بجلی اور گیس کی بندش، جبکہ امن و امان کے خدشات کے باوجود اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

عائشہ عمر کا کہنا تھا کہ شہری ان تمام مشکلات کے باوجود محنت جاری رکھتے ہیں، ٹیکس ادا کرتے ہیں اور ملکی معیشت کے پہیے کو چلانے میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔ ان کے مطابق ایسے حالات میں معمول کی زندگی برقرار رکھنا بھی ایک بڑی کامیابی ہے۔

واضح رہے کہ عائشہ عمر ماضی میں بھی مختلف سماجی معاملات پر اپنی رائے کا اظہار کرتی رہی ہیں۔ حال ہی میں وہ بی بی سی کی خواتین سے متعلق ایک رپورٹ میں بھی شامل ہوئیں، جہاں انہوں نے ٹیکنالوجی کمپنیوں اور مصنوعی ذہانت کے شعبے پر زور دیا کہ خواتین کی تصاویر کے غلط استعمال اور آن لائن ہراسانی کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

عائشہ عمر اداکاری کے علاوہ فلاحی سرگرمیوں میں بھی متحرک ہیں اور ایک غیر منافع بخش ادارے کے ساتھ بطور خیرسگالی سفیر وابستہ ہیں، جو پاکستان میں ضرورت مند بچوں کی تعلیم کے لیے کام کرتا ہے۔

ان کی حالیہ فلم "میرا لیاری" میں بھی معاشرتی مسائل، نوجوانوں کے چیلنجز، غربت اور جرائم جیسے موضوعات کو اجاگر کیا گیا، جبکہ فلم میں امید اور مثبت تبدیلی کا پیغام بھی دیا گیا۔
 
 
 

مزیدخبریں