پنجاب کے شہروں کی خوبصورتی اور ترقی پر فوکس، بیوٹیفکیشن منصوبوں میں تیزی، عظمیٰ بخاری

03:38 PM, 11 Jul, 2026

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں ترقی، خوشحالی اور شہری خوبصورتی کے منصوبے ساتھ ساتھ جاری ہیں، جبکہ پنجاب ڈیولپمنٹ پلان کے تحت 52 شہروں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق مون سون سے قبل واٹر سپلائی اور سیوریج کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے، تاکہ شہریوں کو بارشوں کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے دوران حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پنجاب بیوٹیفکیشن منصوبے کے تحت مختلف شہروں میں پارکس، پبلک مارکیٹس اور داخلی راستوں کو جدید بنایا جا رہا ہے۔ منڈی بہاؤالدین، سمبڑیال، چنیوٹ، رحیم یار خان اور اوکاڑہ سمیت متعدد شہروں میں خوبصورتی کے منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن منصوبوں کی براہ راست نگرانی کر رہی ہیں۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب کے تمام شہروں کو جدید سہولیات سے آراستہ اور خوبصورت بنانا حکومت کا عزم ہے۔

مزیدخبریں