بھارت پر واضح کردیا تھا پانی روکا تو جنگ ہوگی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

12:53 PM, 11 Jul, 2025

کوالالمپور: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کا پانی روک بھی نہیں سکتا اور نہ ہی اس کا رخ موڑ سکتا ہے، لیکن اس نے سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل کر دیا ہے، جس پر پاکستان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔

کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں اسحاق ڈار نے بتایا کہ بھارت نے پہلگام فالز واقعے کے بعد اٹاری بارڈر بند کر دیا تھا، جس کے جواب میں پاکستان نے واہگہ بارڈر بند کر کے بھارتیوں کے ویزے منسوخ کر دیے اور بھارت کے ساتھ فضائی رابطے بھی منقطع کر دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مشکل حالات میں معیشت کو سنبھالا ہے، آئی ایم ایف ریفارمز کامیابی سے مکمل کیے اور مہنگائی میں کمی آئی ہے۔ پاکستان نے 24 ویں بڑی معیشت سے 47 ویں پر آ کر اب پھر اپنی اقتصادی بحالی کی راہ پر قدم بڑھایا ہے اور جی 20 میں شامل ہونے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف اپنی قربانیاں دی ہیں اور اب ملک میں دہشتگردی کو مکمل ختم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی بھاری اکثریت سے منتخب کیا گیا ہے۔

نائب وزیراعظم نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات بھی کی، جہاں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر بات کی۔ انور ابراہیم اکتوبر میں وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کے منتظر ہیں۔

مزیدخبریں