وزیر داخلہ محسن نقوی کی نائب وزیراعظم یو اے ای سے اہم ملاقات

12:14 PM, 11 Jul, 2025

ابوظہبی :  پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستانی شہریوں کے لیے خاص طور پر ورک ویزا کے عمل کو آسان بنانے پر اتفاق کر لیا ہے، جس سے بڑی تعداد میں وہاں مقیم یا ملازمت کے خواہش مند پاکستانیوں کو فائدہ ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے حالیہ دورہ یو اے ای میں وزارت داخلہ کا دورہ کیا جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ان کا استقبال یو اے ای کے نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ شیخ سیف بن زاید النہیان نے کیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں ویزا مسائل، غیر قانونی امیگریشن اور اسمگلنگ جیسے اہم موضوعات پر گفتگو ہوئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھایا جائے گا۔

شیخ سیف بن زاید نے محسن نقوی کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ محسن نقوی نے بھی کہا کہ پاکستانی شہری یو اے ای کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اس لیے ویزا کے عمل میں آسانی سے انہیں بڑا ریلیف ملے گا۔

محسن نقوی نے ابوظہبی پولیس کے آپریشنز روم کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے جدید پولیسنگ نظام کی تعریف کی۔ ملاقات میں خطے کی صورتحال، سیکیورٹی چیلنجز اور جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے طریقوں پر بھی بات چیت ہوئی۔

مزیدخبریں