پاک بحریہ کے جہاز مسقط پہنچے، عمانی نیوی کے ساتھ مشترکہ بحری مشقیں

06:01 PM, 11 Jan, 2026

عمان :پاکستان نیوی کے جہاز پی این ایس رہ نورد، پی این ایس مددگار اور پی ایم ایس ایس کشمیر نے سلطنت عمان کے پورٹ سلطان قابوس، مسقط کا دورہ کیا، جہاں عمانی حکام نے پاکستانی جہازوں کا گرمجوش استقبال کیا۔

مشن کمانڈر اور جہازوں کے کمانڈنگ افسران نے رائل نیوی آف عمان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں، جن میں قائم مقام کمانڈر، ڈی جی آپریشنز اینڈ پلانز، کمانڈر میری ٹائم سکیورٹی سینٹر عمان اور سلطان قابوس نیول اکیڈمی کے کمانڈنٹ شامل تھے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان بحری تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال ہوا۔

بندرگاہی دورے کے بعد پاکستان نیوی اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے جہازوں نے رائل عمان نیوی کے جہاز خصب کے ساتھ مشترکہ پاسج ایکسرسائز کی۔ اس مشق کا مقصد بحری ہم آہنگی، آپریشنل صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ تھا۔

پاک بحریہ اور عمان نیوی کے درمیان یہ مشترکہ مشقیں خطے میں امن اور سلامتی کے فروغ، اور بحری دفاعی تعاون کے فروغ کا ایک مستقل حصہ ہیں۔ دونوں ممالک کے بحری افواج مستقبل میں بھی مشترکہ تربیت اور مشقوں کے ذریعے تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔

مزیدخبریں