اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد برقرار، ترسیلاتِ زر دسمبر 2025 میں 3.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

05:45 PM, 11 Jan, 2026

اسلام آباد:بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے ایک مرتبہ پھر ملکی معیشت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ترسیلاتِ زر کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ دسمبر 2025 کے دوران پاکستان کو موصول ہونے والی ترسیلاتِ زر 3.6 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں، جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطحوں میں شامل ہیں۔

مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق دسمبر 2025 میں ترسیلاتِ زر میں سالانہ بنیادوں پر 17 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نومبر 2025 کے مقابلے میں یہ اضافہ 13 فیصد رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ مالی سال 2026 کی پہلی ششماہی میں مجموعی ترسیلاتِ زر 19.7 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 41 فیصد زیادہ ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے مالی سال 2026 کے اختتام تک مجموعی ترسیلاتِ زر کے 41 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، جو ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اور معیشت کے لیے نہایت مثبت پیش رفت ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2025 میں سعودی عرب سے 813 ملین ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 726 ملین ڈالر، برطانیہ سے 560 ملین ڈالر اور امریکا سے 302 ملین ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں۔

مشیر وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی جانب سے ریکارڈ ترسیلاتِ زر نہ صرف حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کی علامت ہیں بلکہ یہ ملکی معیشت کے استحکام، پائیدار ترقی اور مستقبل کی خوشحالی کے لیے بھی اہم سنگِ میل ثابت ہوں گی۔

مزیدخبریں