دھند نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا، اہم موٹرویز پر ٹریفک معطل، پروازیں تاخیر کا شکار

09:46 AM, 11 Jan, 2026


ملک بھر میں شدید دھند کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ مختلف مقامات پر موٹرویز کو حفاظتی اقدامات کے تحت بند کر دیا گیا ہے۔

موٹروے حکام کے مطابق ایم ون پشاور سے رشکئی، ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے چکری، ایم تھری فیض پور سے درخانہ، ایم فور پنڈی بھٹیاں سے شیر شاہ، ایم فائیو شیر شاہ سے سکھر اور ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک دھند کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہیں۔

پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال اور کسوال میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے، جبکہ میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودھراں اور بہاولپور سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں حدِ نگاہ کم ہو گئی ہے۔
لاہور میں بھی دھند کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

دھند کے باعث فضائی آپریشن بھی متاثر ہوا ہے، متعدد پروازیں تاخیر سے روانہ ہو رہی ہیں جبکہ فلائٹ شیڈول جزوی طور پر تبدیل کر دیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سفر سے قبل سڑکوں کی صورتحال معلوم کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

مزیدخبریں