وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بیوٹیفکیشن پلان کی تکمیل کے لیے ہدف مقرر کر دیا

12:59 PM, 11 Dec, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں بیوٹیفکیشن پلان کے فیز کو مکمل کرنے کے لیے فروری سے مئی تک کا وقت مقرر کر دیا ہے۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس میں پنجاب کے مختلف شہروں اور اضلاع میں بیوٹیفکیشن منصوبوں پر تفصیل سے بریفنگ دی گئی۔ یہ منصوبہ صوبے کے 39 اضلاع میں 132 بیوٹیفکیشن سکیموں کو مکمل کرنے کا ہے، جن کی مجموعی لاگت 16 ارب 90 کروڑ روپے ہے۔

مریم نواز شریف نے اس فیز کی تکمیل کے لیے فروری سے مئی تک کا ہدف مقرر کیا ہے، جس میں 97 بیوٹیفکیشن سکیموں کے ورک آڈر جاری کیے جا چکے ہیں اور 88 پراجیکٹس پر کام شروع ہو چکا ہے۔

اس منصوبے کے تحت مختلف شہروں میں اہم بیوٹیفکیشن پراجیکٹس مکمل کیے جائیں گے، جن میں لاہور (18 پراجیکٹس)، سرگودھا (6)، بہاولپور (16)، گوجرانوالہ (12)، راولپنڈی (17)، فیصل آباد (13)، ملتان (8) اور ساہیوال (24) شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ ان پراجیکٹس میں قدیم دروازوں کی بحالی، فائبر گلاس اور ٹین سائل کور کی تنصیب، واٹر فیچر، فوارے اور مصنوعی آبشاریں شامل کی جائیں۔ اس کے علاوہ، مرکزی بازاروں میں خوبصورت گرین بیلٹس بنانے اور فٹ پاتھوں پر روایتی گرے ٹائلز کی جگہ رنگین ٹائلز لگانے کا حکم دیا۔

مریم نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ بیوٹیفکیشن پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کے لیے ایک ڈیش بورڈ بنایا جائے گا جس پر ہفتہ وار اپ ڈیٹس فراہم کی جائیں گی۔ مزید یہ کہ پنجاب کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی کے لیے معیارات متعین کیے جائیں گے اور گندگی، ٹوٹی سڑکیں اور خراب پینٹ جیسے مسائل پر سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے مختلف شہروں کے بیوٹیفکیشن پراجیکٹس کے لیے مخصوص اہداف بھی مقرر کیے ہیں، جن میں رحیم یار خان کے چھ پراجیکٹس 31 مارچ تک مکمل ہوں گے، بہاولپور میں بابا فرید گیٹ اور الصادق مسجد کی قدیمی صورت کو بحال کیا جائے گا، اور فیصل آباد میں گھنٹہ گھر اور بازار کی اپ گریڈیشن جاری ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ "ہر شہر کو خوبصورت بنانا میری خواہش ہے، ہم صرف بازاروں کو نہیں بلکہ پورے شہر کو دلکش بنائیں گے تاکہ عوام کو ایک صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول ملے۔"انہوں نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ بیوٹیفکیشن پراجیکٹس کے دوران عوام کو کسی بھی قسم کی تکلیف یا مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا.

مزیدخبریں