مراکش میں دو عمارتوں کا انہدام، 22 افراد جاں بحق، امدادی کارروائیاں جاری

02:36 PM, 11 Dec, 2025

مراکش: مراکش کے ایک علاقے میں دو عمارتیں گرنے کے نتیجے میں 22 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ امدادی ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوششیں شروع کر دیں۔

پہلی عمارت کی چھت پر عقیقہ کی تقریب جاری تھی، جبکہ دوسری عمارت خالی تھی۔ مقامی لوگوں اور رضاکاروں نے فوراً ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے میں مدد کی۔ عینی شاہدین کے مطابق، جیسے ہی عمارتوں کے گرنے کی آواز سنی گئی، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں میں شامل ہو گئے۔

امدادی ٹیموں نے ابتدائی کارروائیوں میں ایک بچے کو زندہ نکال لیا، جس سے مزید افراد کو نکالنے کی امید پیدا ہوئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبے میں مزید افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے احتیاط کے ساتھ امدادی کارروائیاں جاری رکھی جا رہی ہیں۔

حادثے کی وجوہات کا پتہ چلانے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، اور عمارتوں کی ممکنہ تعمیراتی خامیوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے متاثرہ علاقے کو گھیرے میں لے کر آمدورفت محدود کر دی ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

مزیدخبریں