امریکا نے ویزا درخواستوں پر سوشل میڈیا کی جانچ لازمی کر دی

01:44 PM, 11 Dec, 2025

واشنگٹن: امریکی کسٹم اینڈ بارڈر پروٹیکشن (CBP) نے ویزا کی درخواست دینے والوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانچ کو لازمی قرار دے دیا ہے۔

یہ نیا فیصلہ سکیورٹی کے خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کسی درخواست گزار نے امریکا مخالف یا یہودیوں کے خلاف مواد شیئر تو نہیں کیا، اور نہ ہی دہشت گردی یا نفرت پھیلانے والی پوسٹس کی ترویج کی ہو۔

اس فیصلے کے مطابق، سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانچ کے ساتھ ساتھ درخواست گزاروں سے ان کے اہل خانہ کی معلومات بھی طلب کی جا سکتی ہیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ پالیسی کب سے نافذ کی جائے گی، مگر امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس سے امریکا کی سکیورٹی کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

یہ اقدام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 19 ممالک کے شہریوں پر امریکا کے دروازے بند کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس پالیسی کا مقصد دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خطرات کو کم کرنا ہے، لیکن انسانی حقوق کے گروپوں نے اس پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ سوشل میڈیا نگرانی پرائیویسی کی خلاف ورزی ہو سکتی ہے۔

مزیدخبریں