پاکستان سمیت دنیا بھر میں پہاڑوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

11:23 AM, 11 Dec, 2025

اسلام آباد: آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں "پہاڑوں کا عالمی دن" منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد پہاڑوں کو ماحولیاتی خطرات سے بچانے اور ان کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات پر شعور اجاگر کرنا ہے۔ آزاد کشمیر کے بیشتر پہاڑی سلسلے سال کے زیادہ تر حصے میں برف سے ڈھکے رہتے ہیں، جو سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتے ہیں اور قدرتی منظر سے محظوظ کرتے ہیں۔

پہاڑوں کی اہمیت ہر شخص پر واضح ہے، کیونکہ یہ نہ صرف قدرتی وسائل کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ زمین کے قدرتی توازن کو بھی برقرار رکھتے ہیں۔ پاکستان میں دنیا کی 24 بلند ترین چوٹیوں میں سے 8 گلگت بلتستان میں ہیں، جن میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی "کے ٹو" شامل ہے، جو 8611 میٹر بلند ہے۔ اس چوٹی کو سر کرنا دنیا بھر کے کلائمبرز کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، اور یہاں تک پہنچنے والے 377 کلائمبرز کامیاب ہوئے، جبکہ 91 اپنی جان گنوا بیٹھے۔

پاکستان میں مجموعی طور پر 108 چوٹیاں ایسی ہیں جو 7,000 میٹر سے بلند ہیں، اور چھ ہزار میٹر سے کم بلند چوٹیوں کی تعداد بے شمار ہے۔ ان بلند چوٹیوں کے ایڈونچر کے لیے ہر سال دو اہم "سمٹ ایکسپڈیشنز" گلگت بلتستان میں منعقد کی جاتی ہیں، جہاں دنیا بھر سے کلائمبرز آ کر اپنی مہارت کا امتحان لیتے ہیں۔

پہاڑوں کا نظام ہماری زندگی کے لیے بہت اہم ہے۔ وہ جنگلات کو فروغ دیتے ہیں اور برف باری سے پانی کے ذخائر کی بنیاد فراہم کرتے ہیں، جو ہمارے لیے ضروری ہیں۔ ان قدرتی وسائل کی حفاظت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے تاکہ ہم اور ہماری آئندہ نسلیں ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔

مزیدخبریں