افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے،

09:38 AM, 11 Dec, 2025

کابل: افغانستان کے ایک ہزار سے زائد علما اور مذہبی رہنماؤں نے ایک اہم اجلاس میں متفقہ طور پر اعلان کیا ہے کہ افغان سرزمین کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔ علما نے ملک کی خودمختاری کی خلاف ورزیوں کے خلاف ردعمل کے طور پر کہا کہ افغانستان کے حقوق، اقدار اور شریعت کے نظام کا دفاع ہر افغان پر فرضِ عین ہے۔

اجلاس میں اسلامی امارت کو یہ تنبیہ بھی کی گئی کہ کوئی شخص افغان سرزمین کو عسکری سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کے لیے ملک سے باہر نہیں جا سکتا، اور نہ ہی افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کی اجازت دی جائے گی۔

کابل میں ہونے والے اس اجلاس میں ملک کے مختلف حصوں سے آئے تقریباً ایک ہزار علما نے افغانستان کی خودمختاری کے لیے ممکنہ خطرات پر تفصیل سے بات کی۔ علما نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی اس فیصلے کی خلاف ورزی کرے گا تو اسلامی امارت کو اس کے خلاف کارروائی کا پورا اختیار حاصل ہوگا۔

اجلاس کے اختتام پر علما نے ایک قرارداد منظور کی جس میں افغانستان کی خودمختاری، امن، اور اندرونی نظم و ضبط کے احترام پر زور دیا گیا۔

مزیدخبریں