اگر افغانستان نے ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی نہ کی تو پاکستان اپنے دفاع میں اقدامات کرے گا ، عاصم افتخار

09:19 AM, 11 Dec, 2025

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے افغانستان میں موجود تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے جنگجوؤں کے حوالے سے سخت پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر طالبان نے ان دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی نہ کی تو پاکستان اپنے دفاع کے لیے خود اقدامات کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ٹی ٹی پی کے 6 ہزار سے زائد جنگجو موجود ہیں، جو پاکستان میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان کی سرزمین دہشت گردوں اور ان کے پراکسی گروپوں کے لیے ایک محفوظ پناہ گاہ بن چکی ہے، جس کا اثر پاکستان اور پورے خطے کی سیکیورٹی پر پڑ رہا ہے۔

پاکستان کے مستقل مندوب نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے متعدد بار اپنی سرحدوں پر ہونے والی دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا ہے اور اس کی فورسز اور عوام نے اس حوالے سے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ٹیم نے بھی افغانستان میں ٹی ٹی پی کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔

عاصم افتخار نے افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کرے تاکہ افغانستان کی سرزمین کو دہشت گردوں کا اڈہ بننے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال خطے میں امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے، اور افغان مہاجرین کو واپس اپنے وطن جانا چاہیے تاکہ افغانستان میں امن قائم ہو سکے۔

مزیدخبریں