پاکستان اور امریکا کا فل برائٹ پروگرام جاری رکھنے پر اتفاق، 66 اسکالرز کیلئے مواقع

06:24 PM, 11 Aug, 2026

اسلام آباد: پاکستان اور امریکا نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے فل برائٹ۔ایچ ای سی پروگرام کو مزید پانچ سال کے لیے توسیع دے دی ہے۔ اس شراکت داری کے تحت 66 پاکستانی طلبہ و محققین کو پی ایچ ڈی کی تعلیم کے لیے معاونت فراہم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

اس سلسلے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور پاکستان میں قائم یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے درمیان باقاعدہ معاہدہ طے پایا ہے۔

معاہدے کا دائرہ مالی سال 2026-27 سے 2031-32 تک پھیلا ہوا ہے، جس میں اعلیٰ تعلیم، تحقیقی سرگرمیوں اور پیشہ ورانہ تبادلوں سے متعلق متعدد پروگرام شامل کیے گئے ہیں۔ ان میں فل برائٹ ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے علاوہ پوسٹ ڈاکٹریٹ محققین کے لیے وزٹنگ اسکالر پروگرام، فارن لینگویج ٹیچنگ اسسٹنٹ پروگرام اور ہیوبرٹ ایچ ہَمفری فیلوشپ بھی شامل ہیں۔

اس تعاون کے ذریعے پاکستانی اسکالرز کو امریکا میں اعلیٰ تعلیمی اداروں سے وابستہ ہوکر مزید تعلیم اور تحقیق کا موقع ملے گا۔ پانچ سال کے دوران 66 پی ایچ ڈی اسکالرز کی معاونت کا ہدف پاکستان میں اعلیٰ سطح کی تحقیق اور ماہر افرادی قوت کی تیاری میں معاون ثابت ہونے کی توقع ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی یہ پیش رفت تعلیمی معیار، تحقیقی صلاحیتوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کی جانب اہم قدم قرار دی جارہی ہے۔

تجدید شدہ پروگرام سے پاکستان اور امریکا کے جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان روابط مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔ اس کے نتیجے میں پاکستانی طلبہ، اساتذہ، محققین اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد کے لیے بین الاقوامی تعلیمی اور تحقیقی مواقع میں اضافہ ہوگا۔

حکام کے مطابق اس شراکت داری کا مقصد صرف اسکالرشپس فراہم کرنا نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان علمی رابطوں، تجربات کے تبادلے اور تحقیق کے شعبے میں مشترکہ سرگرمیوں کو فروغ دینا بھی ہے۔

فل برائٹ پروگرام کئی برسوں سے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلیمی روابط کے فروغ کا ایک اہم ذریعہ ہے، جبکہ اس نئے معاہدے کے ذریعے دونوں ممالک نے اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے میدان میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں