ممبئی :معروف بھارتی گلوکار سونو نگم نے ہسپتال میں سرجری کے دوران ایسا دلچسپ انداز اپنایا کہ ڈاکٹرز بھی حیران رہ گئے۔ گلوکار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں سونو نگم کو ہسپتال کے بستر پر لیٹے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ طبی عملہ ان کے علاج میں مصروف ہے۔ اسی دوران انہوں نے ماحول کو خوشگوار بنانے کے لیے ڈاکٹرز اور ان کی ٹیم کے سامنے گانا شروع کردیا۔
سونو نگم نے 1949 کی فلم ’’دلاری‘‘ کا معروف گیت ’’سہانی رات ڈھل چکی، نہ جانے تم کب آؤ گے‘‘ گایا، جسے اصل میں لیجنڈری گلوکار محمد رفیع نے اپنی آواز دی تھی۔
گلوکار نے بتایا کہ انہوں نے سرجری کے دوران ڈاکٹرز کے لیے اچانک گانے کا فیصلہ کیا۔ ان کے مطابق مشکل اور تکلیف دہ وقت میں بھی موسیقی انہیں خوشی اور حوصلہ فراہم کرتی ہے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مداحوں نے سونو نگم کے حوصلے کو سراہا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ سونو نگم نے رواں برس جون میں اعصابی نظام سے متعلق ایک تکلیف دہ بیماری کا ذکر کیا تھا، جس کے بعد انہیں سرجری سے گزرنا پڑا۔