بھارتی موسیقار اے آر رحمان کے صاحبزادے اے آر امین حادثے کا شکار

10:44 AM, 11 Aug, 2026

ممبئی : معروف بھارتی موسیقار اے آر رحمان کے بیٹے اور گلوکار اے آر امین چنئی میں ہونے والے ایک ٹریفک حادثے میں معمولی زخمی ہوگئے، تاہم طبی معائنے کے بعد انہیں ہسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اے آر امین اپنے ایک دوست کے ہمراہ ایئرپورٹ جارہے تھے کہ دوران سفر ان کی گاڑی ایک ٹیکسی سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں اے آر امین اور ان کے دوست کو معمولی چوٹیں آئیں۔

حادثے کے بعد دونوں کو فوری طور پر کاویری ہسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ضروری طبی امداد فراہم کی۔ علاج کے بعد دونوں کو اسی روز ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

واقعے کے بعد اے آر امین نے سوشل میڈیا پر مداحوں کے لیے پیغام جاری کیا اور اپنی خیریت سے آگاہ کیا۔ گلوکار نے بتایا کہ حادثے کے وقت وہ ڈرائیونگ سیٹ پر نہیں بلکہ گاڑی کی اگلی نشست پر موجود تھے۔ انہوں نے واقعے کو معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حادثے میں شامل تمام افراد محفوظ ہیں۔

اے آر امین کی بہن خدیجہ رحمان نے بھی حادثے سے متعلق معلومات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک دوسری گاڑی کی جانب سے ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کے باعث یہ تصادم پیش آیا۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

مزیدخبریں