ممبئی : بھارت کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اجنکیا رہانے نے روہت شرما اور ویرات کوہلی کے ون ڈے کیریئر کو جاری رکھنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں سٹارز کو 2027 ورلڈکپ تک خود کو ثابت کرنے کا مناسب موقع دیا جانا چاہیے۔
اجنکیا رہانے کے مطابق روہت شرما اور ویرات کوہلی جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کے مستقبل کا فیصلہ ہر سیریز کی بنیاد پر نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں کو مستقل اعتماد دیا جائے تاکہ وہ طویل المدتی ہدف کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی تیاری کرسکیں۔
رہانے نے خاص طور پر روہت شرما کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کپتان کی حیثیت سے ان کی خدمات اور بڑے مقابلوں میں تجربہ انہیں ایک اہم کھلاڑی بناتا ہے۔ اگر روہت 2027 کا ورلڈکپ کھیلنے کے خواہشمند ہیں تو انہیں ٹیم میں اپنی جگہ کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔
ویرات کوہلی کے بارے میں بھی رہانے نے اسی نوعیت کے خیالات کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق ٹیم قیادت اور مینجمنٹ کو دونوں سینئر کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، تاکہ وہ سلیکشن کے دباؤ سے آزاد ہوکر اپنی توجہ کھیل پر مرکوز رکھ سکیں۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کو مستقبل کے لیے تیار کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ روہت شرما 2027 ورلڈکپ کے وقت تقریباً 40 برس کے ہوں گے، اس لیے ان کی فٹنس، فارم اور مستقل کارکردگی سلیکٹرز کے لیے خاص اہمیت رکھے گی۔
روہت اور کوہلی اس وقت ون ڈے فارمیٹ میں محدود میچز کھیل رہے ہیں، جس کے باعث بھارتی سلیکٹرز کے سامنے تجربہ کار ستاروں اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے درمیان توازن قائم رکھنے کا اہم چیلنج موجود ہے۔