وسیم اکرم کا 1992 ورلڈ کپ فائنل کا اسپیل میری یادوں میں آج بھی تازہ ہے، ربادا

10:27 AM, 11 Aug, 2026

لاہور : جنوبی افریقہ کے معروف فاسٹ بولر کگیسو ربادا نے 1992 کے ورلڈ کپ فائنل میں وسیم اکرم کی انگلینڈ کے خلاف شاندار بولنگ کو کرکٹ ورلڈ کپ کے اپنے یادگار لمحات میں شامل کیا ہے۔

کگیسو ربادا کے مطابق وسیم اکرم نے فائنل کے فیصلہ کن مرحلے میں ایسی بولنگ کی جس نے میچ کا رخ پاکستان کے حق میں موڑ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم کی بہترین بولنگ نے انگلینڈ کی بیٹنگ کو شدید دباؤ میں ڈال دیا اور پاکستان کی فتح کی راہ ہموار ہوئی۔

جنوبی افریقی فاسٹ بولر نے وسیم اکرم کی رفتار اور گیند پر گرفت کے ساتھ ان کے جارحانہ انداز کو بھی سراہا۔ ربادا کے مطابق وسیم اکرم جب گیند کرانے آتے تھے تو ان کی شخصیت اور انداز سے ہی اندازہ ہوجاتا تھا کہ وہ حریف پر حاوی ہونے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

ربادا نے کہا کہ وسیم اکرم کی اس کارکردگی میں صرف تکنیکی مہارت ہی نہیں بلکہ اپنی ٹیم اور ملک کے لیے جیتنے کا جذبہ بھی نمایاں تھا۔

ان کے بقول 1992 کے فائنل میں وسیم اکرم کا وہ اسپیل کرکٹ کی تاریخ کے ان لمحات میں شامل ہے جسے وہ کبھی بھلا نہیں سکتے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 1992 کے ورلڈ کپ فائنل میں وسیم اکرم نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کی تھیں، جس کے نتیجے میں پاکستان نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

مزیدخبریں