لاہور : پاکستانی ٹیسٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف آئندہ تین میچز کی سیریز کے لیے میدان میں تیاریوں کا آغاز کردیا۔ قومی سکواڈ نے بیکنہم کے کینٹ کاؤنٹی کرکٹ کلب میں پیر کے روز اپنا پہلا پریکٹس سیشن مکمل کیا۔
ٹیم کے نئے بیٹنگ کوچ مائیکل سمتھ بھی ٹریننگ میں موجود رہے۔ کھلاڑیوں سے ابتدائی ملاقات کے بعد انہوں نے بیٹنگ کی مشقوں کی نگرانی کی اور بلے بازوں کو مختلف پہلوؤں پر رہنمائی فراہم کی۔
مائیکل سمتھ پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹنگ کوچ اور ملتان سلطانز کے اسسٹنٹ کوچ کے طور پر کام کرچکے ہیں۔ پی سی بی نے رواں سال 4 جولائی کو انہیں قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پہلے ٹریننگ سیشن میں کھلاڑیوں نے فٹنس ڈرلز کے ساتھ فیلڈنگ کی مشقیں بھی کیں، جبکہ بیٹنگ اور کھیل کے دیگر شعبوں میں اپنی تیاریوں کو بہتر بنانے پر توجہ دی گئی۔
پاکستان ٹیم منگل کو بھی کینٹ کاؤنٹی کرکٹ کلب میں ٹریننگ جاری رکھے گی، جہاں پریکٹس کا اختتام دوپہر ساڑھے 12 بجے ہوگا۔ اس کے بعد قومی ٹیم 12 اگست سے پی سی سی سلیکٹ الیون کے خلاف چار روزہ پریکٹس میچ میں حصہ لے گی۔
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان سیریز کا افتتاحی ٹیسٹ 19 اگست سے ہیڈنگلے میں شروع ہوگا اور 23 اگست تک جاری رہے گا۔ دوسرا ٹیسٹ لارڈز میں 27 سے 31 اگست جبکہ تیسرا میچ ایجبسٹن، برمنگھم میں 9 سے 13 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔
تین ٹیسٹ میچز کی یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے شیڈول کا حصہ ہے۔ قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز ایک، ایک سے برابر کرنے کے بعد انگلینڈ پہنچی ہے۔