نیلم کلچرل فیسٹیول میں جشن آزادی اور معرکہ حق کی کامیابی کا رنگا رنگ انعقاد

12:11 PM, 11 Aug, 2025

کیل : وادی نیلم کے خوبصورت علاقے کیل میں جشن آزادی اور معرکہ حق کی فتح کے موقع پر ایک رنگا رنگ کلچرل فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ یہ میلہ پاک فوج اور آزاد کشمیر کلچرل اکیڈمی کے تعاون سے منعقد ہوا، جس میں مقامی افراد کی بڑی تعداد نے جوش و خروش سے شرکت کی۔

فیسٹیول میں علاقائی ثقافت کے خوبصورت رنگ دیکھنے کو ملے۔ سکول کے بچوں نے ملی نغموں پر ٹیبلو پیش کیے، کالج کے نوجوانوں نے شینہ زبان میں گیت گائے، جب کہ روایتی رقص ’گٹکا‘ نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔

تقریب میں وطن سے محبت، آزادی کی قدر اور معرکہ حق میں کامیابی جیسے موضوعات پر تقاریر بھی کی گئیں۔ ساتھ ہی ماحولیاتی تحفظ اور سیاحت کے فروغ پر بھی روشنی ڈالی گئی، جس پر عوام کو آگاہی دی گئی۔

چیف سیکریٹری خوشحال خان نے تقریب کے مہمان خصوصی کے طور پر شرکاء میں انعامات اور یادگاری تحائف تقسیم کیے۔

مقامی افراد نے اس میلے کو نہ صرف ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کا ذریعہ قرار دیا بلکہ اسے اتحاد اور یکجہتی کی علامت بھی کہا۔ عوام نے معرکہ حق میں تاریخی کامیابی پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں