لاہور پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں، بڑی مقدار میں منشیات برآمد

12:43 PM, 11 Aug, 2025

لاہور  : لاہور پولیس نے شہر کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ اگست کے ابتدائی دنوں میں 360 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ 353 مقدمات درج کیے گئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق رواں سال اب تک مجموعی طور پر 7655 افراد کو منشیات فروشی کے الزامات میں گرفتار کیا گیا ہے اور 7496 مقدمات درج ہوئے ہیں۔

ان کارروائیوں کے دوران پولیس نے بڑی مقدار میں نشہ آور مواد برآمد کیا، جن میں 3755 کلو چرس، 669 کلو آئس، 341 کلو ہیروئین، 263 کلو افیون اور 45485 لیٹر شراب شامل ہے۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آئس اور ہیروئین جیسی خطرناک منشیات کے خاتمے کے لیے منظم اقدامات ضروری ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کو نشے سے بچانے کے لیے ان عناصر کو انجام تک پہنچانا ہوگا جو اس گھناؤنے دھندے میں ملوث ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ بھی منشیات کے خلاف آواز بلند کریں تاکہ لاہور کو ایک محفوظ اور نشہ سے پاک شہر بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں