ملک کو بھائی چارے، ہم آہنگی اور یکجہتی کے ذریعے ترقی کی راہوں پر گامزن کیا جائے گا ، آصف زرداری

10:14 AM, 11 Aug, 2025

اسلام آباد : پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر کہا ہے کہ ملک کو بھائی چارے، ہم آہنگی اور یکجہتی کے ذریعے ترقی کی راہوں پر گامزن کیا جائے گا۔ انہوں نے اقلیتی برادریوں کی اہم خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کمیونٹیز مسلح افواج، عدلیہ، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، اور ان کی خدمات قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں۔

آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان کا آئین ہر شہری کو برابری کا حق دیتا ہے اور اقلیتی طلبہ کو تعلیمی وظائف اور مالی مدد فراہم کی جارہی ہے تاکہ وہ اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 11 اگست 2009 کو پہلی بار اقلیتی دن منانے کا اعلان کیا گیا تھا اور یہ دن اس عزم کی تجدید ہے کہ اقلیتی برادریوں کو قومی زندگی میں فعال اور بامعنی حصہ دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اقلیتی حقوق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے تمام حقوق کی مکمل ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر شہری، چاہے وہ کسی بھی مذہب یا عقیدے سے ہو، برابر کا پاکستانی ہے۔ محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی پہلی ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

مزیدخبریں