آج پاکستان میں اقلیتوں کا قومی دن منایا جا رہا ہے

10:00 AM, 11 Aug, 2025

لاہور : آج پاکستان میں اقلیتوں کا قومی دن منایا جا رہا ہے، جس کے تحت مختلف شہروں میں خصوصی پروگرامز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ دن اس عہد کی یاد دہانی ہے جو قائداعظم محمد علی جناح نے اپنے مشہور خطاب میں کیا تھا کہ پاکستان میں مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا اور تمام شہریوں کو برابر کے حقوق ملیں گے۔

پاکستان کی اقلیتی برادری نے ہمیشہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ مختلف شعبوں میں ان کی خدمات اور محنت واضح ہیں، اور اس کے علاوہ، پاکستان کی مسلح افواج میں بھی اقلیتی افراد بڑی تعداد میں اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

یوم اقلیتوں کے موقع پر، اقلیتی شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر مذہب اپنے پیروکاروں کو اپنے وطن سے محبت کرنے کی تعلیم دیتا ہے، اور پاکستان میں اقلیتی افراد کو مکمل آزادی حاصل ہے۔ وہ اس بات پر بھی زور دیتے ہیں کہ یہاں مذہب کی بنیاد پر کسی کے ساتھ فرق نہیں کیا جاتا، اور سب کو اپنے وطن کی ترقی میں حصہ ڈالنے کا پورا حق ہے۔

حکومت پاکستان اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور یہ یقین دہانی کرائی جا رہی ہے کہ آئندہ بھی اقلیتی برادری پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔ یہ دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں محبت، بھائی چارہ اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں