لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقلیتی برادری پاکستانی معاشرے کا اہم حصہ ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ، ترقی اور احترام میں کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم کا پاکستان سب کے لئے ہے اور یہاں ہر شہری کو اپنے عقیدے کے مطابق آزاد اور محفوظ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔ مریم نواز نے اقلیتی برادری کے لیے پنجاب حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ تاریخ میں پہلی بار مینارٹی کارڈ متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے 50,000 اقلیتی افراد کو سہ ماہی 10,500 روپے کی امداد دی جا رہی ہے، اور یہ تعداد جلد بڑھا کر 75,000 تک کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے اقلیتی برادری کے لیے سکھ میرج ایکٹ 2024 اور ہندو میرج ایکٹ 2017 کی منظوری کا ذکر کیا، جو ان کی مذہبی آزادی اور حقوق کے تحفظ کے لیے اہم قدم ہیں۔
اس کے علاوہ، مریم نواز نے پنجاب حکومت کی طرف سے اقلیتی برادری کے لیے 8 ارب روپے کے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ کی منظوری، 60 ملین روپے کے سکالرشپ فنڈز، اور اقلیتی مذہبی تہواروں کے لیے گرانٹس میں اضافے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اقلیتی برادری کے مذہبی مقامات جیسے گوردواروں، چرچز اور مندروں کی بحالی کے لئے بھی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے اور ان کی ترقی کے لیے ہر سطح پر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسے معاشرے کی طرف بڑھ رہے ہیں جہاں محبت، بھائی چارہ اور رواداری ہماری پہچان ہو۔