کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے 20ویں میچ میں نئی شامل ہونے والی ٹیم حیدرآباد کنگز نے اپنے پانچویں مقابلے میں بالآخر پہلی فتح حاصل کرلی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔ کراچی کی جانب سے سعد بیگ نے 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ معین علی نے جارحانہ انداز میں 44 رنز اسکور کیے۔ اعظم خان نے 26، محمد وسیم نے 25 اور سلمان علی آغا نے 24 رنز کا حصہ ڈالا۔
حیدرآباد کنگز کی جانب سے بولنگ میں حنین شاہ نے متاثر کن کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد علی نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
189 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کنگز نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف میچ کے اختتام سے قبل ہی حاصل کرلیا۔ معاذ صداقت نے 37، عثمان خان نے 27، مارنس لبوشین نے 26 اور کوشل پریرا نے 17 رنز بنائے۔
آخری لمحات میں حسان خان نے ناقابل شکست 33 رنز اور عرفان خان نیازی نے 29 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔