تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ پاکستان میں موجود اعلیٰ سطح کا ایرانی وفد ایران کے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ یہ وفد مذاکرات کے دوران مکمل عزم اور حوصلے کے ساتھ بات چیت کرے گا، جبکہ عوامی خدمات کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے گا۔
دوسری جانب فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں اسلام آباد میں جاری امن مذاکرات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ادھر پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا ہے کہ اسلام آباد اس وقت خیر سگالی اور سفارتی کوششوں کا مرکز بنا ہوا ہے، جس کا مقصد ایران کے خلاف مبینہ غیر قانونی اقدامات کے خاتمے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ آیا امریکا پاکستان کی ثالثی اور خیرسگالی کی ان کوششوں کا احترام کرے گا یا نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال صرف ایران کے خلاف نہیں بلکہ یہ خطے کے استحکام اور عالمی امن کے لیے بھی ایک سنگین چیلنج بن سکتی ہے۔