امریکی صدر کا آبنائے ہرمز سے بارودی سرنگیں ہٹانے کا اعلان

08:30 PM, 11 Apr, 2026

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ عالمی مفاد کے پیش نظر آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے صاف کرنے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ایران اس وقت جنگ میں شدید دباؤ کا شکار ہے اور اسے بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ ان کے مطابق ایران کی بحری اور فضائی طاقت کمزور ہو چکی ہے جبکہ دفاعی نظام بھی غیر مؤثر ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے ریڈار سسٹم، میزائل پروگرام اور ڈرون سازی کی صنعت کو بڑا نقصان پہنچا ہے، اور ملک کی قیادت بھی مؤثر انداز میں موجود نہیں رہی۔ ان کے مطابق ایران کے پاس اب صرف سمندری بارودی سرنگوں کی دھمکی باقی رہ گئی ہے۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ بارودی سرنگیں نصب کرنے والی ایران کی 28 کشتیاں تباہ ہو چکی ہیں، اور اب آبنائے ہرمز کو صاف کرنے کا آپریشن شروع کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام چین، جاپان، جنوبی کوریا، فرانس اور جرمنی سمیت مختلف ممالک کے لیے کیا جا رہا ہے، جبکہ دیگر ممالک اس نوعیت کا کام خود انجام دینے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے آئل ٹینکرز امریکا کا رخ کر رہے ہیں، اور امریکا عالمی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ امریکی تیل اور گیس اعلیٰ معیار کی حامل ہیں اور امریکا کے پاس بعض بڑے ممالک سے بھی زیادہ تیل کے ذخائر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئل ٹینکرز کے لیے فوری لوڈنگ اور تیز تر واپسی کا نظام یقینی بنایا جا رہا ہے، اور جلد یہ واضح ہو جائے گا کہ ایرانی وفد سنجیدہ مذاکرات کر رہا ہے یا نہیں۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اب دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ آبنائے ہرمز کے علاوہ بھی تیل کی ترسیل کے متبادل راستے موجود ہیں۔
 
 
 

مزیدخبریں