لبنانی وزیراعظم کی جانب سےاقوام متحدہ اور امریکا کا دورہ ملتوی

08:09 PM, 11 Apr, 2026

بیروت : لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے اقوام متحدہ اور امریکا کے اپنے مجوزہ دورے کو مؤخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کی داخلی صورتحال کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے مطابق وہ بیروت میں رہتے ہوئے عوام کی سلامتی اور حکومتی امور کی نگرانی جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب لبنانی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ملک آئندہ ہفتے واشنگٹن میں ہونے والے جنگ بندی مذاکرات میں شرکت کرے گا، جہاں امریکی اور اسرائیلی نمائندوں کے ساتھ ممکنہ سیزفائر پر بات چیت متوقع ہے۔

ایک سینئر عہدیدار کے مطابق اجلاس کی حتمی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی، تاہم لبنان کا مؤقف واضح ہے کہ کسی بھی بڑے معاہدے کے لیے فوری جنگ بندی بنیادی شرط ہے۔

انہوں نے کہا کہ لبنان کی کوشش ہے کہ پہلے سیزفائر کو یقینی بنایا جائے تاکہ خطے میں کشیدگی کم ہو اور کسی بھی سیاسی یا سکیورٹی معاہدے سے پہلے سازگار ماحول پیدا ہو سکے۔

یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد میں مذاکرات جاری ہیں۔
 
 
 

مزیدخبریں