اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت اس وقت عالمی سیاست کا سب سے بڑا مرکز بن چکا ہے، جہاں پاکستان کی میزبانی میں امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات نے پوری دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ اس تاریخی موقع کی کوریج کے لیے بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں، نامور صحافیوں اور دفاعی تجزیہ کاروں کی ایک ریکارڈ تعداد اسلام آباد پہنچ چکی ہے۔
حکومتِ پاکستان نے اس ایونٹ کی عالمی سطح پر کوریج کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ مذاکرات کی لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹس کے لیے ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ "میڈیا حب" قائم کیا گیا ہے، جہاں بین الاقوامی صحافیوں کے لیے جدید ترین مواصلاتی آلات اور تیز ترین انٹرنیٹ کی سہولت موجود ہے۔
صحافیوں کی آمد و رفت کو آسان بنانے کے لیے اسلام آباد کے ایک نجی شاپنگ مال سے میڈیا حب اور دیگر متعلقہ مقامات تک "فری شٹل سروس" کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، تاکہ میڈیا نمائندگان بغیر کسی تاخیر کے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھا سکیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر میڈیا کی موجودگی اور حکومت کی جانب سے کیے گئے انتظامات نے پاکستان کے "سافٹ امیج" کو عالمی سطح پر بے حد مضبوط کیا ہے۔ آج اسلام آباد سے نشر ہونے والی ہر رپورٹ دنیا کو یہ پیغام دے رہی ہے کہ پاکستان نہ صرف ایک پرامن ملک ہے بلکہ عالمی تنازعات کے حل کے لیے ایک ناگزیر قوت بن چکا ہے۔
سفارتی دنیا کا محور اب اسلام آباد: پاک ،امریکہ، ایران مذاکرات کی کوریج کے لیے عالمی میڈیا کا 'پاور ہاؤس' فعال
01:36 PM, 11 Apr, 2026