پاکستان اور سعودی عرب کے مابین "سٹریٹجک اتحاد" مستحکم: تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز

11:17 AM, 11 Apr, 2026

اسلام آباد : وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں دونوں برادر ممالک نے سٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے اور اسے ٹھوس اقتصادی تعاون میں بدلنے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر خزانہ نے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس ملاقات کی خاص بات پاکستان کی اعلیٰ ترین سویلین اور عسکری قیادت کی بیک وقت موجودگی تھی، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے روایتی تعلقات سے آگے بڑھ کر تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے پر زور دیا۔ سعودی وفد نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔ دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مستقبل میں دوطرفہ تعلقات کا محور مضبوط معاشی روابط ہوں گے۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے دوٹوک الفاظ میں کہاپاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات وقت کی ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں۔ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی دونوں ممالک کی سیکیورٹی اور استحکام کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی اس ملاقات میں شرکت سعودی عرب کو یہ یقین دہانی کروانے کے مترادف ہے کہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری اور سٹریٹجک مفادات کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔ یہ شرکت پاکستان کی "اکنامک ڈپلومیسی" میں عسکری قیادت کے کلیدی کردار کی بھی عکاسی کرتی ہے۔

مزیدخبریں