اسلام آباد : دنیا ایک تاریخی سفارتی موڑ پر کھڑی ہے۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں واشنگٹن کا سب سے طاقتور وفد کچھ ہی دیر میں اسلام آباد کی زمین پر قدم رکھنے والا ہے۔ اس دورے کا مقصد ایران کے ساتھ ان فیصلہ کن مذاکرات کا آغاز ہے جسے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے "دنیا کا سب سے طاقتور ری سیٹ" قرار دیا ہے۔
امریکی وفد میں نائب صدر کے ہمراہ صدر ٹرمپ کے بااعتماد ساتھی سٹیو وٹکوف اور مشرقِ وسطیٰ کے امور کے ماہر اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر شامل ہیں۔روانگی سے قبل اپنے بیان میں جے ڈی وینس نے مشن کی اہمیت واضح کرتے ہوئے کہا"صدر ٹرمپ نے ہمیں مذاکرات کے لیے واضح گائیڈ لائنز دے دی ہیں۔ ہمیں قوی امید ہے کہ ایران کے ساتھ بات چیت کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان مذاکرات کی کامیابی پر مکمل یقین کا اظہار کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا ہے "میں نے مذاکرات کے لیے اپنی بہترین ٹیم اسلام آباد بھیجی ہے۔ ہم ایک ایسی تبدیلی کی طرف بڑھ رہے ہیں جو عالمی نظام کو دوبارہ سے ترتیب (Reset) دے دے گی۔اسلام آباد میں ایرانی وفد پہلے ہی ڈیرے ڈال چکا ہے۔ امریکی وفد کا استقبال نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کریں گے۔ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے یہ مذاکرات ثابت کر رہے ہیں کہ عالمی تنازعات کے حل کے لیے اسلام آباد کا کردار ناگزیر ہو چکا ہے۔
"اسلام آباد ری سیٹ" ،امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کچھ دیر میں پاکستان پہنچیں گے
10:38 AM, 11 Apr, 2026