سائنسدانوں کی انوکھی دریافت: بجلی سے طاقت حاصل کرنیوالا درخت

10:57 PM, 11 Apr, 2025

امریکا :جنوبی اور وسطی امریکا کے گھنے جنگلات میں سائنسدانوں نے ایک ایسی درخت کی قسم دریافت کی ہے جو آسمانی بجلی گرنے کے بعد نہ صرف زندہ بچ جاتی ہے بلکہ تیزی سے نشو و نما بھی پاتی ہے۔

عمومی طور پر آسمانی بجلی کا اثر درختوں کے لیے مہلک ثابت ہوتا ہے، لیکن حالیہ سائنسی تحقیق نے اس تصور کو چیلنج کر دیا ہے۔ نئی دریافت سے معلوم ہوا ہے کہ کچھ درخت ایسے بھی ہیں جو آسمانی بجلی کو سہہ جاتے ہیں اور اس توانائی سے فائدہ اٹھا کر اپنی بڑھوتری میں اضافہ کر لیتے ہیں۔

ماہرینِ ماحولیات نے ایمیزون کے بارانی جنگلات میں مختلف اقسام کے درختوں کا مشاہدہ کیا، جن میں سے ایک خاص نوع Dipteryx oleifera نے سائنسدانوں کو حیرت میں ڈال دیا۔ یہ درخت متعدد بار آسمانی بجلی کی زد میں آیا، لیکن نہ صرف محفوظ رہا بلکہ اس کے ارد گرد کے درختوں کے برعکس مزید سرسبز و شاداب ہو گیا۔

وسطی امریکی ملک پاناما میں 2015 میں ماہر ماحولیات ایوان گورا نے پہلی بار اس درخت کا مشاہدہ کیا تھا۔ ان کے مطابق، آسمانی بجلی کے جھٹکوں سے تباہ ہونے والے دیگر درختوں کے درمیان یہ درخت مکمل طور پر سلامت تھا۔

مزید تحقیق سے پتا چلا ہے کہ یہ درخت آسمانی بجلی کو اپنی جانب راغب کرتا ہے اور اس سے پیدا ہونے والی توانائی، روشنی اور اردگرد کی غذائی اجزاء کو جذب کر کے اپنی افزائش میں بہتری لاتا ہے۔

سائنسدان اس انوکھی نوع پر مزید تحقیق کر رہے ہیں تاکہ یہ سمجھا جا سکے کہ کس طرح یہ درخت قدرتی آفات کو اپنے فائدے میں بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور مستقبل میں اس سے ماحول دوست اقدامات کے لیے کیا سیکھا جا سکتا ہے۔

 
 

مزیدخبریں