کیلیفورنیا:مصنوعی ذہانت پر کام کرنے والی معروف امریکی کمپنی اوپن اے آئی نے اپنے مقبول چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی میں ایک نئی اور انقلابی اپڈیٹ متعارف کرا دی ہے، جس کے بعد یہ بوٹ اب صارف کی تمام سابقہ بات چیت کو خود بخود محفوظ رکھ سکے گا — چاہے صارف اسے خاص طور پر یاد رکھنے کو نہ کہے۔
اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سیم آلٹمین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا کہ کمپنی نے چیٹ جی پی ٹی کی میموری صلاحیت کو نمایاں طور پر بہتر بنا دیا ہے۔ ان کے مطابق اب یہ چیٹ بوٹ نہ صرف پرانی گفتگو کا حوالہ دے سکے گا بلکہ وقت کے ساتھ صارف کی ضروریات اور انداز کو بھی سمجھنے کے قابل ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ کمپنی نے 2023 میں "کسٹم انسٹرکشنز" کی سہولت متعارف کروائی تھی، جس سے صارفین چیٹ بوٹ کو ذاتی معلومات مہیا کر کے اپنی ترجیحات واضح کر سکتے تھے۔ اب یہ نیا فیچر گفتگو کے دوران خود ہی اہم نکات اخذ کر کے یاد رکھے گا۔
اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ جتنا زیادہ صارف اس بوٹ کو استعمال کرے گا، یہ اتنا ہی بہتر طور پر اس کے مزاج اور تقاضوں کو سمجھے گا، اور زیادہ موزوں انداز میں جوابات دے گا۔
یہ فیچر اس وقت صرف پرو پلان ($200 فی ماہ) اور پلس پلان ($20 فی ماہ) استعمال کرنے والوں کے لیے جاری کیا گیا ہے، جب کہ تعلیمی، کارپوریٹ اور ٹیم صارفین کو یہ سہولت آئندہ چند ہفتوں میں میسر آئے گی۔ تاہم، کمپنی نے یہ نہیں بتایا کہ یہ فیچر مفت صارفین کے لیے کب دستیاب ہوگا۔
اگر کوئی صارف نہیں چاہتا کہ اس کی گفتگو محفوظ ہو، تو وہ چیٹ جی پی ٹی کی سیٹنگز میں جا کر میموری فیچر کو غیر فعال کر سکتا ہے۔ مزید یہ کہ "عارضی چیٹ" موڈ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، جس میں کوئی بات ریکارڈ نہیں کی جاتی۔