مداحوں کے لیے خوشخبری ،کینسر کے خلاف جنگ جیتنے والی شرمیلا ٹیگور کی صحت میں بہتری

08:35 PM, 11 Apr, 2025

بھارت : فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور سیف علی خان کی والدہ شرمیلا ٹیگور نے کینسر کو شکست دے کر اپنے مداحوں کو خوشخبری دی ہے۔ ان کی بیٹی سوہا علی خان نے اس بات کا انکشاف کیا کہ ان کی والدہ کو 2022 میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم اس بارے میں کسی کو بتایا نہیں گیا تھا۔

سوہا نے بتایا کہ یہ ایک نہایت مشکل سفر تھا جس میں خاندان کو کئی ذاتی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن وہ خوش قسمت رہیں کہ کینسر کی تشخیص سٹیج زیرو پر ہوئی تھی۔ اس کا مطلب تھا کہ طویل علاج یا کیموتھراپی کی ضرورت نہیں پڑی، اور صرف سرجری کے ذریعے کینسر کا حصہ نکال دیا گیا۔ اب وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں۔

سوہا علی خان نے مزید کہا کہ ان کی والدہ نے اس بارے میں کم بات کی تھی اور وہ اس وقت خطرہ مول لینے سے گریز کرتی تھیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 2023 میں شرمیلا ٹیگور نے "کافی وِد کرن" شو میں شرکت کی تھی، جہاں کرن جوہر نے انکشاف کیا تھا کہ شرمیلا کو "راکی اور رانی کی پریم کہانی" میں شبانہ اعظمی کے کردار کی پیشکش کی گئی تھی، مگر صحت کی وجہ سے انہوں نے انکار کر دیا تھا۔

شرمیلا ٹیگور کی حالیہ فلم "پُرتوا" بنگالی سینما کی ایک اہم پروڈکشن ہے، جس میں وہ ریتوپرنا سین گپتا کے ساتھ نظر آئیں گی۔ اس کے علاوہ، 2023 میں "گل موہر" میں بھی ان کا اہم کردار تھا، جس میں انہوں نے منوج باجپائی کے ساتھ اداکاری کی۔

مزیدخبریں