اوٹاوا: کینیڈا نے 13 ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرتے ہوئے انہیں صرف ایک الیکٹرانک ٹریول آتھورائزیشن (eTA) کی ضرورت دینے کا اعلان کیا ہے، جسے آن لائن درخواست کے ذریعے آسانی سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ یہ اقدام عالمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور کینیڈا کے ساتھ کاروباری و سیاحتی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔
کینیڈا کے وزیر برائے امیگریشن، مہاجرین و شہریت شان فریزر نے اس فیصلے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس سے کینیڈا میں کاروبار، سیاحت اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے دروازے کھلیں گے۔
نئے ممالک میں انٹیگوا اور باربوڈا, ارجنٹینا, کوسٹا ریکا, مراکش, پاناما, فلپائن, سینٹ کٹس اینڈ نیوس,
سینٹ لوشیا, سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گرینیڈائنز, سیشلز, تھائی لینڈ, ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو, یوراگوئے شامل ہیں۔
یہ سہولت ان شہریوں کے لیے ہے جو پچھلے 10 سالوں میں کینیڈا کا ویزا حاصل کر چکے ہوں یا جو امریکا کا فعال نان امیگرنٹ ویزا رکھتے ہوں۔ درخواست دینے کے لیے مسافر کو صرف پاسپورٹ، ای میل ایڈریس، انٹرنیٹ اور کریڈٹ کارڈ کی ضرورت ہوگی۔ درخواست کی فیس 7 کینیڈین ڈالر ہے، اور اس کی منظوری چند منٹوں میں مل جاتی ہے۔یہ سہولت صرف فضائی سفر کے لیے ہے اور چھ ماہ تک کے قیام کی اجازت دیتی ہے۔ تاہم، جو مسافر زمینی یا سمندری راستوں سے آنا چاہتے ہیں، انہیں ابھی بھی وزیٹر ویزا کی ضرورت ہوگی۔
ٓ کینیڈا کی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ نہ صرف کینیڈا کی معیشت کے لیے فائدہ مند ہوگا بلکہ امیگریشن سروسز پر بوجھ کم کرنے اور درخواستوں کی پراسیسنگ کو تیز کرنے میں مدد دے گا۔