کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کی دنیا کی بڑی کمپنیوں میں شامل گوگل نے اپنے "پلیٹ فارمز اینڈ ڈیوائسز" شعبے میں بڑی سطح پر عملہ کم کر دیا ہے، جس کا اثر اینڈرائیڈ سسٹم، پکسل فونز اور کروم براؤزر پر کام کرنے والی ٹیموں پر پڑا ہے۔
امریکی میڈیا ادارے The Information کی رپورٹ کے مطابق، یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کمپنی پہلے ہی رواں سال جنوری میں رضاکارانہ علیحدگی کی پیشکش کر چکی تھی۔ تازہ اقدام میں کچھ ملازمین کو بغیر مرضی فارغ کیا گیا ہے۔
گوگل کے ترجمان نے کہا، "پچھلے سال ہم نے کارکردگی بڑھانے کی غرض سے Platforms اور Devices یونٹس کو یکجا کیا تھا۔ اسی عمل کے تحت کچھ رضاکارانہ علیحدگیاں اور چند ضروری چھانٹیاں کی گئی ہیں۔"
یہ پہلا موقع نہیں، اس سے قبل گوگل نے فروری 2025 میں اپنی کلاؤڈ ڈویژن میں بھی محدود پیمانے پر ملازمین کی کمی کی تھی، جبکہ جنوری 2023 میں 12 ہزار ملازمین کو نوکریوں سے برخاست کیا گیا تھا، جو اس وقت کمپنی کی مجموعی افرادی قوت کا 6 فیصد تھا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ گوگل کی یہ پالیسی اس ٹیکنالوجی انڈسٹری میں جاری رجحان کا حصہ ہے، جس میں کمپنیاں اخراجات میں کمی اور نئی ٹیکنالوجیز جیسے AI اور کلاؤڈ پر توجہ دے رہی ہیں۔