لاہور : تھیٹر کا رنگ، روشنی اور ہنسی اب ایک نئے قانون کے سائے میں نظر آئے گا! پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تھیٹرز میں پیش کیے جانے والے مواد کو فیملی فرینڈلی بنانے کے لیے نیا قانون لایا جائے گا۔
وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وہ نہیں چاہتیں کہ تھیٹرز فحاشی کا مرکز بنیں، بلکہ ایسا ماحول ہو جہاں والدین، بچے اور بزرگ سب سکون سے بیٹھ کر ڈرامہ دیکھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی تھیٹر میں اخلاقیات سے گری ہوئی حرکتیں سامنے آئیں تو پہلے تین بار وارننگ دی جائے گی اور اس کے بعد تاحیات پابندی لگے گی۔ ان کا کہنا تھا، "ہمیں اپنی ثقافت کو فروغ دینا ہے، نہ کہ اسے داغدار کرنا۔"
عظمیٰ بخاری نے یہ بھی خوشخبری دی کہ 17 اپریل کو کلچر ڈے منایا جائے گا، جس میں خود وزیر اعلیٰ مریم نواز بھی شریک ہوں گی۔