دولہا کو شادی میں نوٹ نچھاور کرنے پر چھ ماہ قید

03:36 PM, 11 Apr, 2025

نائجیریا: نائجیریا میں دولہا عبداللہ موسیٰ حسینی کو اپنی شادی کے دوران خوشی کا اظہار کرنے پر چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ عبداللہ نے اپنی شادی میں ایک لاکھ نایرا نچھاور کیے تھے، جس پر پولیس نے اُسے 'پیسے کے ناجائز استعمال' کا الزام لگا کر عدالت میں پیش کیا۔

نائجیریا میں 2007 کے مرکزی بینک ایکٹ کے مطابق، نوٹ نچھاور کرنا یا ان پر رقص کرنا ملکی کرنسی کی توہین سمجھا جاتا ہے، اور اس کی سزا قید یا جرمانہ ہو سکتی ہے۔ عدالت میں جرم کا اعتراف کرنے کے بعد عبداللہ حسینی کو چھ ماہ قید کی سزا دی گئی۔

اس فیصلے پر سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل دیکھنے کو ملے ہیں، اور کچھ صارفین نے کہا کہ یہ فیصلہ غیر منصفانہ ہے، کیونکہ جب بڑے بڑے کرپٹ افراد آزاد ہیں، تو شادی کی خوشی میں نوٹ نچھاور کرنے والوں کو جیل میں کیوں ڈالا جا رہا ہے؟

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ نائجیریا میں اس نوعیت کی سزا دی گئی ہو، اس سے پہلے بھی ایک اداکارہ اور ایک ٹرانسجینڈر کو اسی جرم پر قید کی سزا مل چکی ہے۔

مزیدخبریں