پی ایس ایل 10 کی فاتح ٹیم کے لیے پی سی بی کی جانب سے انعامی رقم کا اعلان ہوگیا

11:53 AM, 11 Apr, 2025

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے لیے انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے۔ اعلان کے مطابق، پی ایس ایل 10 کی فاتح ٹیم کو 5 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً ساڑھے 14 کروڑ روپے) ملیں گے، جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 2 لاکھ ڈالر (تقریباً 5 کروڑ 61 لاکھ روپے) دیے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ کا آغاز  آج  راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوگا، جس کے بعد پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور 34 میچز پر مشتمل یہ لیگ 18 مئی تک جاری رہے گی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 13 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں دونوں ایلیمینیٹرز اور فائنل شامل ہیں۔ راولپنڈی 11 میچز کی میزبانی کرے گا، جن میں پہلا کوالیفائر بھی شامل ہے۔ کراچی اور ملتان کے اسٹیڈیمز میں پانچ، پانچ میچز ہوں گے۔ اس بار تین دن ایسے ہوں گے جب ایک دن میں دو میچز (ڈبل ہیڈر) ہوں گے، جن میں سے دو ہفتہ کو اور ایک یوم مزدور (یکم مئی) کو ہوں گے۔

کپتانی کے حوالے سے پچھلے سیزن کی صورتحال برقرار ہے جن میں  بابر اعظم پشاور زلمی، شاداب خان اسلام آباد یونائیٹڈ، محمد رضوان ملتان سلطانز، اور شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز کی قیادت کریں گے۔ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اس بار نئے کپتانوں، ڈیوڈ وارنر اور سعود شکیل کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے تیسری بار ٹائٹل جیتا تھا، جبکہ ملتان سلطانز لگاتار تیسری بار رنر اپ رہی تھی۔

مزیدخبریں