اسحاق ڈار کا برآمدات بڑھانے کیلئے مربوط حکمت عملی پر زور

09:10 PM, 10 Sep, 2026

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت تجارت اور برآمدات کے فروغ سے متعلق بین الوزارتی اجلاس ہوا، جس میں برآمدات بڑھانے اور عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

 اجلاس میں پاکستانی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے، نئی عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے اور برآمدات میں تنوع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا گیا۔ یورپی یونین کے جی ایس پی پلس مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے بھی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 شرکا نے برآمدات کے فروغ کے لیے وفاقی وزارتوں اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری پر مبنی مربوط حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا۔ متعلقہ وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو برآمدات سے متعلق اقدامات میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی گئی۔

 اجلاس میں بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطوں کے ذریعے پاکستان کے معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

 اجلاس میں معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری خارجہ، سیکرٹری تجارت اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مزیدخبریں